27 اپریل 2015 - 15:56
عدن پر سعودی عرب کی جارحیت، ایک بچے سمیت چار افراد شہید

جنوبی یمن میں واقع شہر عدن پر سعودی عرب کے فضائی حملوں میں کم از کم چار افراد شہید ہوگئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا سمیت مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے جارحانہ فضائی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ 

سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں یمن کے ہمدان قبیلے نے نجران کے علاقے میں سعودی عرب کے ایک گشتی دستے کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے جس میں ایک سعودی افسر ہلاک اور چار دیگر فوجی زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبے لحج میں ایک مسافر بس کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا جس میں بیس افراد شہید ہوگئے۔

لحج کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے عدن اور لحج کے درمیان واقع ایک ایسے علاقے پر بھی حملہ کیا جہاں بےگھر افراد پناہ لئے ہوئے تھے جس میں متعدد افراد شہید و زخمی ہوئے ہیں تاہم شہید و زخمی ہونے والے افراد کی صحیح تعداد کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔

یمن کے ذرائع ابلاغ نے بھی رپورٹ دی ہے کہ پیر کے روز صبح چار بجے سے دارالحکومت صنعا پر حملے اور یمنی فوج کی جانب سے طیارہ شکن توپوں سے جواب دیئے جانے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔

.......

/169